بھٹکل 12 مارچ (ایس او نیوز) پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان کئی لوگوں نے آج کل الیکٹرک اسکوٹروں کا استعمال شروع کردیا ہے۔ جس کے ساتھ ہی گذشتہ چند ماہ سے الیکٹرک اسکوٹرس بھٹکل کے راستوں پر گھومتے نظر آرہے ہیں، مگر ان سب کے بیچ اب بھٹکل میں پہلا الیکٹرک اٹو رکشہ بھی پہنچ گیا ہے، جو دیکھنے میں بھی کافی خوبصورت لگتا ہے۔
بنگلور بالن انجینئرنگ کے ذریعہ شروع کیا گیا، بی 5 رکشا بھٹکل میں پہلا الیکٹرانک آٹو رکشہ بن گیا ہے۔ اس کے مالک اور ڈرائیور تعلقہ کے چوتنی کے رہنے والے مادھوا نائک ہیں۔ یہ الیکٹرک والا آٹو رکشہ جمعہ کو ساحل آن لائن دفتر کے نیچے اور سمر آئس کریم پارلر کے سامنے جب نمودار ہوا تو لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
مادھو نائک نے بتایا کہ اس رکشہ کی لاگت 2.15 لاکھ روپے ہے، اس میں 5-6 مسافر آرام سے بیٹھ سکتے ہیں ۔ ایک بار بیٹری چارج ہونے میں 4 گھنٹے لگتے ہیں، لیکن ایک بار چارج کرنے کے بعد قریب 120 کلو میٹر تک رکشہ چلایا جاسکتا ہے۔ مادھونائک کے مطابق رکشہ کی دیکھ بھال (maintenance) کی لاگت بھی بہت کم آتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں دوپہر کے کھانے کے دوران بیٹری کو چارج کرتا ہوں اور چارجنگ کرنا بھی آسان ہے۔ کسی دکان کے باہر بھی رکشہ کو پارک کرکے الیکٹرک پوائنٹ مل جائے تو اسے چارج کیا جاسکتا ہے۔
مادھو نائک نے بتایا کہ بارش کے موسم میں رکشہ کے اطراف پردے لگائے جاسکتے ہیں، جو رکشہ کے ساتھ ہی آئے ہیں، رکشہ کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے ایک اسکرین بھی لگانے کے بارے میں وہ غور کررہے ہیں۔
مادھو نائک نے بتایا کہ وہ گذشتہ 35 سالوں سے آٹو رکشہ چلارہے ہیں، جب انہوں نے بھٹکل میں آٹو رکشہ چلانا شروع کیا تھا تو اُس وقت بھٹکل میں صرف چھ آٹورکشہ تھے۔
